مراد علی شاہ کی عید کے بعد سڑکوں کا کام فوری شروع کرنیکی ہدایت

May 03, 2021

مراد علی شاہ کی عید کے بعد سڑکوں کا کام فوری شروع کرنیکی ہدایت

کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کراچی شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران عید کے فورا بعد سڑکوں کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے کیماڑی میں روڈ کی تعمیر کا جائزہ لیا۔اس دوران مراد علی شاہ نے کہاکہ گلبائی سے لے کر وائی جنکشن تک روڈ کا کام تیزی سے جاری ہے، یہ روڈ 5.5 کلومیٹر طویل اور 10.5میٹر چوڑی ہے، روڈ کی تعمیرکا کام 65 فیصد مکمل ہو چکا ہے، اس روڈ کے ساتھ پہلی بار پانی اورسیوریج کی لائنیں ڈالی گئی، پانی اور سیوریج کی لائنیں ڈالنے کا مطالبہ پرانا تھا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گلبائی اور وائی جنشکن روڈ کے کراسنگ میں 6 نالے ہیں، ان نالوں کی تعمیرنو،صفائی اورکشادگی کا کام بھی ساتھ میں ہوگا۔وزیراعلی سندھ کی جانب سے اس دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ جون تک روڈ مکمل چاہیے۔وزیراعلی سندھ کی جانب سے رشید آباد روڈ، سائٹ کا بھی دورہ کیا گیا۔اس دوران انہوں نے کہاکہ سائٹ میں صنعتوں کی طرف آنے اور جانے والی 17 سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، اسکیم 1.1 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے، نالوں کی صفائی اور تعمیر کا کام ہوگا۔