الیکشن کمیشن میں اکبر ایس بابر کی لیپ ٹاپ استعمال کی درخواست مسترد

May 03, 2021


پی ٹی آئی ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں لیپ ٹاپ استعمال کی درخواست مسترد کر دی۔

الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ ، ممبر نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی نے اکبر ایس بابر کی درخواست پر فیصلہ دیا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ اکبر ایس بابر نے ٹیکنیکل افراد کی جانب سے اجلاس کے دوران لیپ ٹاپ استعمال کی درخواست دی، الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کو 14 اپریل کے فیصلے میں صرف ریکارڈ اور دستاویزات کا جائزہ لینے کی اجازت دی تھی، فیصلے میں کسی الیکٹرانک مشین کی اجازت نہیں دی تھی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ اکبر ایس بابر کی ریکارڈ جائزہ کے دوران لیپ ٹاپ استعمال کی درخواست مسترد کرتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے 14 اپریل کے فیصلے پر اسکروٹنی کمیٹی اور فریقین عملد درآمد کریں۔

اسکروٹنی کمیٹی، الیکشن کمیشن کے ٹی او آر کے مطابق مناسب حکم جاری کر سکتی ہے، ا سکروٹنی کمیٹی اپنے اختیارات کا معقول انداز سے استعمال کر سکتی ہے ، جماعتیں غیر ضروری معاملات اور اعتراضات نہ اٹھائیں۔