فواد خان کے بچوں کی تصویر منظرِ عام پر

May 04, 2021

پاکستان سمیت بھارت میں بھی یکساں مقبول اداکار فواد خان کی اہلیہ صدف فواد نے اپنے تینوں بچوں کے ہمراہ پہلی مرتبہ تصویر شیئر کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 6 ماہ قبل فیملی میں نیا اضافہ کرنے والی نومولود کا نام انہوں نے بیا فواد رکھا ہے۔

صدف فواد نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں انہوں نے مداحوں کے سوالوں کے جواب دیے۔

ایک صارف نے ڈیزائنر صدف فواد سے ان کے بچوں کی چند خصوصیات و عمروں کے حوالے سے سوال کیا۔

انہوں نے اپنے بچوں کے ہمراہ ایک خوبصورت سی تصویر شیئر کی اور بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا عیان 13 برس، بیٹی علینہ ساڑھے چار برس جبکہ چھوٹی بیٹی بیا 6 ماہ کی ہیں۔

فواد خان کی اہلیہ نے بچوں کی خصوصیات کے حوالے سے بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا انتہائی نرم دل ہے۔

صدف نے بتایا کہ علینہ خوبصورت جبکہ بیا باس بے بی ہے۔

شادی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا فواد سے ان کی شادی کو 15 برس بیت چُکے ہیں۔

خیال رہے کہ فواد خان کم و بیش ہی اپنی تصاویر یا اپنے کسی پروجیکٹ کے حوالے سے کوئی پیغام سوشل میڈیا کی زینت بناتے ہیں، اہلیہ کی جانب سے اداکار کی نجی زندگی کی معلومات جان کر مداح خوش ہوگئے ہیں۔