بی ٹی کا یونیورسل کریڈٹ والے گھرانوں کو نصف سے بھی کم قیمت پر فائبر براڈ بینڈ دینے کا اعلان

May 05, 2021

لندن (پی اے) بی ٹی نے برطانیہ کے کسی بھی ایسے گھرانے کونصف سے بھی کم قیمت پر فائبر براڈ بینڈ پیش کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے جویونیورسل کریڈٹ وصول کررہا ہے۔ اگلے ماہ شروع ہونے والے ہوم ایزنچیل پیکیج کے لئے چار ملین سے زائد گھرانے اہل ہوں گے۔ مسابقتی سائٹ اسوچ کے مطابق برطانیہ میں اوسط فائبر پیکیج کی قیمت 25 پونڈز ماہانہ ہوتی ہے۔ بی ٹی ہوم ایزنچل کے اہل افراد 36 میگا بائیٹ فی سیکنڈ (ایم بی پی ایس) کی رفتار کے لئے ہر ماہ 15 پونڈز ادا کریں گے۔ بی ٹی کے مساوی براڈ بینڈ پیکیج کی قیمت ایسےگھرانوں کے لئے 32،99 پونڈز ہوتی ہے جو یونیورسل کریڈٹ پر نہیں ہوتے۔ بی ٹی کنزیومر ڈویژن کے چیف ایگزیکٹومارک اللیرا نے کہا کہ کمپنی نے ان لاکھوں افراد کی مدد کی توقع کی ہے جو وبا کے بعد دوبارہ اپنے پاؤں جمانےکے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ دیگر ٹیلی کام کمپنیوں کی ایک رینج موجود ہے جو پورے برطانیہ میں کم لاگت فائبر اور تیز رفتار براڈ بینڈ پیش کرتی ہے۔ پلس نیٹ اپنے صارفین کو ماہانہ 24.99 پونڈزکے عوض تقریباً 66 ایم بی پی ایس کی رفتار فراہم کرتا ہےجبکہ فی الحال ووڈا فون 22 پونڈز ماہانہ میں اوسطاً 63 ایم بی پی ایس پیش کرتا ہے۔ ورجن میڈیا بھی یونیورسل کریڈٹ پر اپنے موجودہ کسٹمرز کو 15 پونڈز ماہانہ کے عوض 15ایم بی پی ایس کی رفتار فراہم کرتا ہے۔ بی ٹی کا ہوم ایزنچل اس وقت دستیاب سستے پیکیجز میں سے ایک کی حیثیت سے مارکیٹ میں داخل ہو رہا ہےاور یقینی طور پر بنیادی فائبر کے لئے یہ بہت اچھی قیمت ہے جیسا کہ مسابقتی ویب سائٹ یوسیو کے کمرشل ڈائریکٹرجیمز وٹٹمز اسمتھ نے بی بی سی کو بتایا یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ کمپنیاں خاص طور پر آج کے کلائمیٹ میں منافع سے پہلے اخلاقیات پر غور کرنا شروع کر رہی ہیں۔ امید ہے کہ ہم مزید تنظیموں کو بھی اس کی پیروی کرتا دیکھ سکیں گے۔ انالسٹ اسمبلی ریسرچ کے میٹ ہووٹ نے کہا کہ کنیکٹ ہونے کی ضرورت اور صارفین کو درپیش مالی مشکلات کو دیکھتے ہوئےبہت سے آپریٹرز نے اہم خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ ہم نے واقعی اس شعبے کو بڑھتا ہوا دیکھا ہے۔ مارکیٹ تیزی سے مسابقت بخش ہوتی جارہی ہے کیونکہ غیر معمولی طور پر تیز رفتار اور فائبر براڈ بینڈ پورے برطانیہ میں پھیل رہا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ 2025 تک پورے ملک کو غیر معمولی طور پر تیز رفتار براڈ بینڈ ملے گا، تاہم تاخیر کی وجہ سے یہ تعداد 85 فیصد رہ گئی ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ انفراسٹرکچر کی تعمیر 2022 میں 5 بلین پونڈز کے بجٹ سے شروع ہونی چاہئے۔