آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتے ہیں،پی سی پاکستان یوکے

May 05, 2021

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) پی سی آف پاکستان یو کے نے” عالمی یوم آزادی صحافت“ کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم صحافیوں اور صحافت کی آزادی پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور صحافیوں کی آزادی سلب کرنے کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں ،میڈیا کوجاری پریس ریلیز میں مقدسہ بانو، غلام رسول شہزاد ، سیمسن جاوید نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا اور موبائل فونز میں کیمروں کی بھرمار نے جہاں بہت زیادہ کیمرہ بردار صحافی پیدا کر دئیے ہیں وہیں ان غیر تربیت یافتہ اور نام نہاد صحافیوں کی وجہ سے پیشہ ور صحافیوں کےلئے بھی مسائل پیدا ہو گئے ہیں جس سے صحافت کا پیشہ انحطاط پذیر ہو رہا ہے تاہم ہم پیشہ ور صحافیوں کی” بانڈڈ لیبر“ کے خلاف کام کرتے رہیں گے - تیسری دنیا کے ممالک میں صحافیوں کو مفت کام کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے- جہاں یہ صورت حال پید اہو جائے وہاں صاف ستھری اور غیر جانبدار صحافت کے پنپنے کے امکانات بہت کم ہو جاتے ہیں ۔عالمی آزادی صحافت کے دن پر یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومتیں صحافیوں کے تحفظ اور ان کے روزگار کے لئے قانون متعارف کروائیں تاکہ صحافت کے پیشے کو تباہ ہونے سے بچایا جا سکے -