قومی کرکٹرز کو بچے کی پیدائش پر چھٹی بمعہ تنخواہ کا حق مل گیا

May 05, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بچوں کی پیدائش پر کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی جاری کردی ہے۔ اطلاق مردوں اورخواتین دونوں کرکٹرز پر ہوگا، جو بالترتیب حمل کے دوران اور بچے کی پیدائش کے وقت اس پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے۔ خواتین کرکٹرز چاہیں تو اپنی زچگی کی چھٹی کے شروع ہونے سے لے کر بچے کی پیدائش تک نان پلیئنگ رول اختیار کرسکیں گی۔ وہ تنخواہ کے ساتھ 12 ماہ کی چھٹی اور کنٹریکٹ کی معیاد میں ایک سالہ توسیع کی حقدار بھی ہوں گی۔ زچگی کی چھٹی کے اختتام پر مذکورہ ویمن کرکٹر کو دوبارہ کرکٹ کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔ پوسٹ چائلڈ ری ہیب پروگرام کے سلسلے میں بھی انہیں مناسب طبی معاونت فراہم کی جائے گی۔اسی طرح انہیں ضرورت پڑنے پراپنے نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کے لیے من پسند فرد کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم اخراجات پی سی بی اور مذکورہ خاتون کرکٹر برابر تقسیم کریں گے۔ وہ مینز کرکٹر جو کسی بچے کے والد بنتے ہیں تو وہ بھی مکمل تنخواہ کے ساتھ 30 دن تک چھٹی لینے کے حقدار ہوں گے۔