ملک دشمن عناصر مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے‘ سینیٹر قادر

May 08, 2021

کوئٹہ ( پ ر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر محمد عبدالقادرنے ژ وب میں فورسز کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک دشمن عناصرمذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے۔ قوم کے حوصلے بلند ہیں،دہشتگردی کا صفایا ہو کر رہے گا۔ دہشت گرد مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ قوم دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے خلاف متحد ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے اور ہم ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہیں ۔بلوچستان کے ضلع ژوب کے مانزکئی سیکٹر میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے ایف سی پوسٹ پر حملے میں ایف سی کے 4جوانوں کی شہادت پر رنجیدہ ہوں، سرحد پار سے ہونے والے دہشت گردی کے اس واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پر باڑ لگانے کے بعد صوبے میں بد امنی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے، اب جب صورتحال میں بہتری آئی ہے تو ملک دشمن عناصر کی جانب سے حملے کئے جارہے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں ۔