کورونا کا خطرہ ہمارے دروازوں پر دستک دے رہا ہے، اسد عمر

May 08, 2021

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کا خطرہ پہلے سے کہیں زیادہ ہے جو ہمارے دروازوں پر دستک دے رہا ہے۔

اسد عمر نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ کورونا سےبچاؤ کے لیے احتیاط کی ضرورت ہے ، ملک کو متحد رہنے کی ضرورت ہےکورونا کی پہلی لہر میں جو حاصل کیا وہ دوبارہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلی لہر کے دوران جو کیا اسے دنیا نے سراہا ، انشاء اللہ کورونا کے خلاف دوبارہ مل کر کامیابی حاصل کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ خطےمیں کورونا کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، الحمد للہ بروقت فیصلوں کے ذریعے کورونا کے بدترین پھیلاو سے بچ گئے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ نیپال جیسے ملک میں روزانہ 7 ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں ، نیپال میں کورونا سےاموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔