امیتابھ بچن نے گلوبل سٹیزنز سے بھارت کی مدد کرنے کی اپیل کردی

May 10, 2021

بھارت میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز اور اس کے باعث ہونے والی اموات کے پیشِ نظر میگا اسٹار امیتابھ بچن نے گلوبل سٹیزنز سے بھارت کی مدد کی اپیل کردی۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر امیتابھ بچن کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انھوں نے گلوبل سٹیزنز پر بھارت کی مدد کرنے پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ میرا ملک بھارت اس وقت کوویڈ-19 کی اچانک بڑھتی ہوئی دوسری لہر سے نبردآزما ہے۔

امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ بطور گلوبل سٹیزن میں دنیا بھر کے گلوبل سٹیزنز سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اٹھیں اپنی اپنی حکومتوں اور فارماسوٹیکل کمپنیوں سے بات کریں اور ان سے درخواست کریں کہ ایسے لوگوں کے لیے چندہ دیں اور ان کی مدد کریں جنھیں اس وقت اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہر کوشش شمار ہوتی ہے، جیسا کہ مہاتما گاندھی جی نے کہا تھا کہ ’ایک آسان راستے کے ساتھ آپ پوری دنیا ہلا سکتے ہو۔‘

خیال رہے کہ اس سے قبل لیجنڈری اداکار نے عالمی وبا کورونا سے نمٹنے کے لیے سکھ برادری کو 2 کروڑ روپے کی خطیر رقم کا عطیہ کیا تھا۔