وزیراعظم عمران خان کو ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ

May 10, 2021

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ہے، جس میں ایس ڈی پی کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ اسد عمر، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزیر خزانہ اور متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء کو نجی شعبے کی شراکت سے مکمل مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔


اس موقع پر بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت 50 منصوبوں پر کام مختلف مراحل میں ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ 978 ارب مالیت کے 14 منصوبے آئندہ 3 ماہ میں منظور ہو جائیں گے۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ 1016 ارب مالیت کے 18 منصوبے مالی سال 22-2021 میں ایوارڈ کیے جائیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی نے منصوبوں کی منظوری دی ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ ان منصوبوں میں سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے اور سکھر، حیدرآباد موٹروے منصوبہ شامل ہیں، جن منصوبوں کی مجموعی مالیت 233 ارب روپے ہے۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے منصوبے کا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے جبکہ سکھر حیدر آباد موٹر وے منصوبے کا ٹینڈر جون میں جاری کیا جائے گا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ 710 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کو اگست 2021 تک منظور کر لیا جائے گا۔