محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے پنجاب میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کا فارمولا پیش کردیا

May 11, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کیلئے سرچ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے وائس چانسلر ز کی تعیناتی کا فارمولہ بھی پیش کردیا جس میں غیر ملکی پی ایچ ڈی امیدواروں کو پاکستانی سکالر زپراضافی نمبر کی برتری دی گئی ہے، پالیسی کے مطابق ٹاپ 100 یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کرنے والے فرد کو 25 نمبرملیں گے پاکستان سے پی ایچ ڈی کرنے والے کسی بھی فرد کو 13 نمبر ملیں گے، اس معیار میں قومی اور بین الاقوامی ایوارڈ ، گرانٹ، پیشہ ورانہ اداروں کی یادداشت، قانونی اداروں کی رکنیت ، کتابیں ، پالیسی دستاویزات، قومی اور بین الاقوامی سطح پر خدمات اور متعدد دیگر شامل نہیں ہیں۔ اس طریقہ کار سے صرف وہ ہی استفاد کرسکیں گے جو غیر ملک سے پی ایچ ڈی کرکے آئے ہوئے ہیں یا ابھی بھی بطور وی سی کام کررہے ہیں۔ اس طریقہ کار میں اس بات کو بھی نظر انداز کردیا گیا ہے کہ امیدوار کے خلاف بدعنوانی کا کوئی مقدمہ تو نہیں ہے اور وہ کس کردار کا حامل ہے، اس صورتحال میں اساتذہ کی طرف سے شدید تحفظات سامنےآئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی پی ایچ ڈی بھی دنیا کی دیگر یونیورسٹی پی ایچ ڈی کرنے والوں سے کم نہیں ہیں یہ ایک کمزور فارمولاہے جس کے نتائج منفی ہوں گے اعلیٰ حکام وائس چانسلر کی تعیناتی میں اس طریقہ پر نظر ثانی کریں۔