کوہلی سمیت کئی بھارتی کرکٹرز نے کورونا ویکسین لگوالی

May 11, 2021

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سمیت کئی کرکٹرز نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی خوراک لگوالی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں یکم مئی سے 18 سال اور اس سے زائد عمر والے افراد کو ویکسین لگوانے کی اجازت دی جاچکی ہے جس کے بعد کرکٹرز اور ٹوکیو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے والے ایتھلیٹس نے ویکسین لگوانا شروع کردی ہے۔

ویکسین کی پہلی ڈوز لینے والے کرکٹرز میں ویرات کوہلی،شکھردھون،اجنکیا رہانے،ایشانت شرما،پجارا،امیش یادیو اور شکھا پانڈے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں آئی پی ایل میں کئی کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد اسے ملتوی کیا جاچکا ہے جبکہ بھارت میں گزشتہ روز کورونا کے مزید دو لاکھ اٹھتر ہزار نئے مریض سامنے آئے اور مزید تین ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔