اسلام آباد: عید الفطر کیلئے سیکیورٹی پلان جاری

May 12, 2021

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے عید الفطر کے لیے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا۔

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کے مطابق تمام مساجد، امام بارگاہوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے انتظامات کیئے جائیں گئے، عید الفطر پر 2 ہزار 500 اہلکار اور افسران سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زونلز ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں گے، سیکیورٹی انتظامات میں سی ٹی ڈی، ایگل فورس، پٹرولنگ یونٹ اور خواتین پولیس اہلکار بھی فرائض انجام دیں گی۔

ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا ہے کہ عید کے موقع پر ون ویلنگ کرنے والے، بغیر سائلنسر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے ٹریفک اور آپریشن ڈویژن کے مشترکہ اہلکار تعینات کیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ نمازِ عید ادا کرتے وقت کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، لاک ڈاؤن کے باعث ضلع بھر کے تمام پارک اور تفریحی مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے۔

ایس ایس پی آپریشنز نے اپیل کی ہے کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ گھر پر ہی عید کی خوشیوں سے بھرپور لطف اندوز ہوں، ڈیوٹی پر مامور عملے کے ساتھ تعاون کریں۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں، کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔