تارک مہتا کا الٹا چشمہ فیم ’ٹپو‘ کے والد کورونا کے باعث چل بسے

May 12, 2021

’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے اداکار بھاویہ گاندھی عرف ’ٹپو‘ کورونا وائرس کے باعث والد سے محروم ہوگئے۔

اداکار کی والدہ کا کہنا ہے کہ مجھے بھاویہ کے والد کے علاج کےلیےکوئی اسپتال نہیں مل رہا تھا۔

بھاویہ گاندھی کےو الد ونود گاندھی کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے، چند ہفتے قبل ہی ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

اداکار کی والدہ یشودہ گاندھی نے میڈیا روبرو ونود گاندھی کے علاج کے دوران درپیش مشکلات کے بارے میں لب کھول دیے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے فیملی کو اسپتا ل میں ونود گاندھی کے علاج کے لیے بیڈ ڈھونڈنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یشودہ گاندھی نے مزید کہاکہ ایک ماہ قبل ان کے شوہر کو ہلکا بخار ہوا، پھر سینے میں درد ہوا، اسکین کروایا تو 5 انفکشن ظاہر ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے ماہرین سے مشورے کے بعد ونود گاندھی کو گھر پر قرنطینہ میں رکھنے کے ساتھ دوائی تجویز کردی۔

انہوں نے کہا کہ دو دن گزرنے کے باوجود انہیں کوئی آرام نہ مل سکا، ہم نے ایک بار پھر سی ٹی اسکین کروایا تو بدقسمتی سے ہمیں پتا چلا کہ انفکیشن بڑھ گیا ہے۔

یشودہ گاندھی نے بتایا کہ اس پر ہمیں کہا گیا کہ انہیں اسپتال میں داخل کروانا پڑے گا لیکن ہمیں کوئی اسپتال نہیں ملا، ہمیں بی ایم سی میں اندراج اور نمبر آنے پر رابطے کا کہا گیا، بلآخر دادر کے ایک اسپتال میں ہمیں بیڈ مل گیا۔

اُن کا کہنا تھاکہ دو دن بعد ڈاکٹروں نے کہا کہ انہیں آئی سی یو کی ضرورت ہے جو فی الحال ہمارے پاس نہیں ہے لہٰذا براہ کرم انہیں کسی اور اسپتال میں شفٹ کریں۔

یشودہ گاندھی نے کہاکہ اس کے بعد ہم نے آئی سی یو میں بستر کی تلاش کے لیے کم از کم 500 کالیں کی ہوں گی پھر ایک دوست نے گورے گاؤں کے ایک چھوٹے اسپتال میں آئی سی یو بیڈ کا انتظام کیا تاہم وہ بچ نہ سکے۔