امریکا: دو طیارے فضا میں ٹکرا گئے، ایک گر کر تباہ دوسرے کو جزوی نقصان

May 12, 2021

امریکا کے شہر ڈینور کے قریب دو چھوٹے ہوائی جہاز فضا میں ٹکرا گئے جن میں سے ایک گر کر تباہ ہوگیا جبکہ دوسرے کو شدید نقصان پہنچا جو ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایک پرائیویٹ فلائٹ نمبر کے جی 970 سالیدہ ایئرپورٹ سے ڈینور کنٹینیل ایئرپورٹ جا رہی تھی جبکہ پرواز این 416 کے جے نے ڈینور کے کنٹینیل ایئرپورٹ سے ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے ٹیک آف کیا تھا۔

یہ چھوٹا طیارہ روٹ سے ہٹ کر قریبی علاقے میں 35 منٹ سے زائد کی پرواز کے بعد چیری کریک اسٹیٹ پارک کے اوپر پہنچا تو لینڈنگ کیلئے آنے والی فلائٹ کے جی 970 سے ٹکرا گیا۔ یہ پانچ سال پرانا چھوٹا طیارہ حادثے کے بعد گر کر تباہ ہوگیا۔

حکام کے مطابق فلائٹ کے جی 970 کے لیے 43 سال پرانا پرائیویٹ طیارہ استعمال کیا گیا تھا۔ حادثے کے وقت یہ پرواز ایئرپورٹ کے قریب لینڈنگ اپروچ پر تھی جو شدید نقصان پہنچنے کے باوجود باحفاظت لینڈ کر گئی۔

حکام کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔