پڈعیدن کے قریب ریلوے ٹریک پر بم دھماکا، 4 فٹ پٹری اڑ گئی، گرین لائن بڑے خطرناک حادثہ سے بال بال بچ گئی

May 13, 2021

پڈعیدن ( رپورٹ، غلام حیدر آکاش) پڈعیدن ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر بم دھماکا سے 4فٹ پٹڑی اڑا دی گئی، گرین لائن ٹرین بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ریلوے ذرائع کے مطابق گزشتہ رات تقریباً 3 بجے سحری کے وقت پڈعیدن کے قریب بچل شاہ درگاہ کے سامنے 366 کلومیٹر کے فاصلے پر اپ ڈرائیور سائیڈ ریلوے ٹریک پر دیسی کریکر دھماکے سے 4فٹ پٹڑی اڑا دی گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کی جگہ سے چند منٹ پہلے گرین لائن ٹرین گزر کر گئی تھی جو کہ حادثہ سے بال بال بچ گئی۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی ایس ریلوے سکھر طارق لطیف، ایس پی سکھر امجد منظور ،ڈی این. ای این سکھر سمیت پڈعیدن ریلوے ایس ایچ او غلام حسن کورائی سمیت پی ڈبلیو آئی، آئی او ڈبلیو و دیگر ریلوے عملہ سمیت ضلع نوشہرو فیروز کے چاروں تحصیل کے ڈی ایس پی بھاری پولیس نفری اور بم ڈسپوزل عملہ کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے بم متاثرہ ٹریک پر دھماکے کے محرکات کا جائزہ لیا اور شواہد اکٹھے کئے۔ بم دھماکے کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیش نظر خیبر میل اور سکھر ایکسپریس کو پڈعیدن ودیگر ریلوے اسٹیشن پر 4 گھنٹے تک روک لیا گیا۔ ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد ریلوے عملے کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر ٹریک کی مرمت کرکے 4گھنٹوں میں اپ سائیڈ ریلوے ٹریک بحال کر کے مختلف اسٹیشن پر رکی ہوئی ٹرینوں کو اپنی منزل کی طرف روانہ کر دیا۔ دریں اثناء ریلوے حکام نے بم دھماکے کے مقام سے ملنے والے شواہد کو سامنے رکھتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ بم ڈسپوزل عملہ رپورٹ کے مطابق ریلوے ٹریک پر دھماکے میں ایک کلو وزنی دیسی ساخت بارودی مواد استعمال کیا گیا ،تمام شواہد اکٹھا کرکے سیل کردیا گیا۔