‏امام الحق کو بچپن کی عیدیں کیوں یاد آتی ہیں ؟

May 13, 2021

ٹیسٹ کرکٹر امام الحق کو اب بچپن کی عیدوں کی یاد ستانے لگی ہے.

جیو نیوز سے عید کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ اب بچپن کی عیدیں بہت یاد آتی ہیں اور اس کی سب سے بڑی وجہ عیدی ہے، ہم بچپن میں خوب عیدی اکٹھی کیا کرتے تھے، اکثر عیدی مل جاتی تھی لیکن کبھی کبھار عیدی مانگنا بھی پڑتی تھی اور اس کے لیے شور بھی کرتے تھے، اس لیے عیدی اکٹھی کرنا اور شور مچانا بہت یاد آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی دل کرتا ہے کہ بچپن کی حرکتیں اور شرارتیں کریں لیکن اب بڑے ہو گئے ہیں اس لیے نہیں کر سکتے ۔

‏ امام الحق نے کہا کہ گزشتہ کچھ عیدیں ہماری انگلینڈ میں گزری ہیں لیکن اس مرتبہ ہم گھر پر ہیں, گھر والوں کے ساتھ عید کرنے کا اپنا مزہ ہے, اس لیے ہر ممکن لطف اندوز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں, بیرون ملک قومی ڈیوٹی پر ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی عید اچھے انداز میں گزرتی ہے, خوب باتیں کرتے ہیں اکٹھے نماز پڑھتے ہیں اور پسند کے کھانے پکوانے کی کوشش کرتے ہیں۔

‏بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹسمین نے کہا کہ موجودہ حالات میں عیدیں نارمل نہیں رہیں, ماضی کی عیدیں شاندار تھیں، کوویڈ 19 کی وجہ سے سب کچھ بدل گیا ہے، اب فرسٹریشن ہونے لگ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تداببیر اختیار کریں ، احتیاط کر کے ہی ہم وبا سے بچ سکتے ہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں، غریب طبقہ مسائل کا شکار ہو رہا ہے مسائل سے دوچار غریبوں کو تلاش کر کے ان کی مدد کریں۔