غزہ میں بچوں کی ہلاکتیں، جمائما کا یونیسیف سے سوال

May 14, 2021

برطانوی فلم پروڈیوسر اور وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ اُنہیں معلوم ہے کہ غزہ میں بچوں کے ساتھ دیگر افراد بھی مظالم کا شکار ہیں، یونیسیف صرف بچوں پر ظلم بند کرنے کی بات کیوں کر رہا ہے؟

جمائما نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عالمی ادارے یونیسیف کا غزہ کے مظلوم بچوں کے حوالے سے جاری کیا گیا بیان شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بچہ بچہ ہوتا ہے۔ غزہ میں اسرائیل کے ظلم سے 9 بچے ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔‘

جمائما نے لکھا کہ ’عالمی ادارے یونیسیف بچوں کو تشدد سے دور رکھنے کی درخواست کرتا ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’براہِ کرم! مجھے یہ نہ بتائیں کہ فلسطین میں بچوں کے علاوہ بھی دیگر افراد پر ظلم ہورہا ہے۔‘

جمائما نے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ وہاں ہر ایک قتل و غارت کا شکار ہے لیکن عالمی ادارے یونیسیف کی یہ اپیل صرف بچوں کے بارے میں ہے۔‘

واضح رہے کہ یونیسیف نے اپنے ایک بیان میں مسجدِ اقصیٰ میں عبادت کے دوران اسرائیلی فورسز کے حملے اور پر تشدد واقعات پر کہا تھا کہ بچوں کو تشدد سے دور رکھنا چاہیے۔

دوسری جانب اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 109 ہوگئی ہے، شہداء میں 28 بچے اور 15 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 621 افراد زخمی ہیں۔ ہزاروں فلسطینیوں کے آشیانے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔