نائیجیریا کے بےگھر علی اولاکومنی کی زندگی ایک لمحہ میں بدل گئی

May 16, 2021

لاگوس(مانیٹرنگ ڈیسک)تفصیلات کے مطابق نائیجیریا سے تعلق رکھنے والا نوجوان علی اولاکومنی ڈیڑھ ماہ قبل تک ایک بے گھر نوجوان تھا جو دن بھر میں چھوٹی موٹی مزدوری کرکے اپنا پیٹ پالتا تھا اور تھک ہار کر جہاں جگہ ملتی، وہیں سو جاتا تھا۔اپریل کے آغاز میں لاگوس کی ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی میں ایفولابی، المعروف ’’اے ایل‘‘ نامی کری ایٹیو ڈائریکٹر اوسون اسٹیٹ میں ایک پل کے نیچے اپنے تمام عملے سمیت موجود تھا۔ جہاں ایک تازہ فوٹو شوٹ کیا جانا تھا جس ماڈل کو اس فوٹو شوٹ میں کام کرنا تھا، وہ کسی وجہ سے لوکیشن پر نہیں پہنچ سکا۔چونکہ فوٹو شوٹ کی تمام تیاریاں مکمل تھیں اور ایفولابی وہ فوٹو شوٹ کسی صورت میں منسوخ کرنا نہیں چاہتا تھا لہذا اس نے پل کے نیچے ہی چکر لگانا شروع کردیا۔ایفولابی کچھ ہی دور پر پل کے نیچے کچھ سوئے ہوئےلوگوں کی جانب متوجہ ہوا جن میں سے ایک علی اولاکومنی تھا جس کا حلیہ اسے مطلوبہ ماڈل کے حساب سے موزوں ترین لگا۔ ایفولابی نے فوراً اسے جگایا اور فوٹو شوٹ میں کام کرنے کی پیشکش کر ڈالی۔ اچانک ایسی پیشکش پر وہ بوکھلا گیا لیکن جلد ہی سنبھل کر پیشکش قبول کر لی۔ فوٹو شوٹ شروع ہوا اور کامیابی سے مکمل ہوگیا۔اگلے روز ایفولابی نے یہ واقعہ، تصاویر سمیت اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کردیا۔تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد علی اولاکومنی راتوں رات مشہور ہو گیا۔