کراچی کے امن و امان کیلئے وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر احتجاج کرینگے، خرم شیر زمان

May 16, 2021

کراچی (این این آئی، جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی کے امن وامان کیلئے وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر احتجاج کرینگے، اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا جبکہ بھتے کی پرچیاں بھی دی جارہی ہیں، سندھ حکومت کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہوچکی ہے، ایک طرف کاروباری سرگرمیاں بند تھیں جس سے کاروبار متاثر ہوا تو دوسری طرف کل کلفٹن کے پارک میں عوام کا میلا لگا ہوا تھا ،پارک میں بچے اور عوام کا ہجوم تھا ۔انصاف ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ کراچی میں امن و امان کا متاثر ہونا بھی لمحہ فکریہ ہے۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ دن دہاڑے ڈکیت گھروں میں گھس رہے ہیں ۔ پچھلے 6 ماہ میں وارداتوں کی تعداد ہزاروں میں ہے، اس ماہ 88 لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ اندرون سندھ میں ڈکیت پولیس کو دھمکا رہے ہیں ۔ اغواء کار مغویوں کی ویڈیوز بناکر جاری کررہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ سندھ میں امن و امان قائم رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ کرائم پوری دنیا میں ہوتا ہے لیکن کراچی کا کرائم ریٹ اپنی حد پار کرچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی وزیر اعلیٰ کی خواہش پر لگایا گیا ۔ آئی جی منظر عام پر کیوں نہیں ہیں ۔ آئی جی نے سندھ میں کرائم کی وارداتوں پر کتنے اجلاس کیے؟ میرا سوال ہے وفاقی حکومت نے 14 سال انہیں فنڈز دیے ۔ وفاقی فنڈز کا کہاں استعمال کیا ۔ ہمیں بتایا جائے بحیثیت وزیر اعلیٰ اپنے کیا اقدامات کیے۔ وزیر اعلیٰ چاہیں تو اپنے دفتر میں ہمیں تفصیلات سے آگاہ کرسکتے ہیں ۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جائے ۔ اگر ہمیں نہیں بتاتا گیا تو مجبوراً ہمیں شہریوں کی خاطر سڑکوں پر احتجاج کرنا ہوگا۔