ٹنڈوباگو، پب جی گیم پر 2 گروپوں میں تصادم، 5 افراد کیخلاف مقدمہ

May 16, 2021

ٹنڈو باگو (نامہ نگار) پب جی گیم کھیلنے والے دو گروپوں میں تصادم 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج۔ رکن قومی اسمبلی میر غلام علی تالپور کے دبائو پرملزمان کی گرفتاری کیلئے ضلع بھر سے پولیس کی بھاری نفری ٹنڈو باگو طلب کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے رہائشی ایک نوجوان میر بھادر تالپور اور ٹنڈو باگو کے کاتیار گائوں کے لڑکے گروپ میں پب جی گیم کھیلتے تھے چند روز قبل میر بھادر تالپور نے پب جی گیم جیتنے کے بعد مبینہ طور خوشی میں کاتیار گروپ کے لڑکوں کو گالیاں دیں تاہم عید کے روز دونوں گروپوں کے درمیان دوبار پب جی گیم کا مقابلہ ہوا مقابلہ کاتیار گروپ جیت گیا اور گیم جیتنے کے بعد کاتیار گروپ نے میر بھادر تالپور کو گالیاں دیں اور کہا کہ اب بدلہ ہوگیا جس پر میر بھادر تالپور نے کاتیار گروپ سے فون پر کہا کہ گیم کا فیصلہ تو ہوگیا البتہ گالیوں کا فیصلہ میدان میں ہوگا اور دونوں گروپ کے لڑکوں کے درمیان باگو واہ پل پر تصادم ہوا جس میں لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا تاہم شہریوں کی مداخلت پر تصادم ختم کرایا گیا بعد میں رکن قومی اسمبلی میر غلام علی تالپور کے کوآرڈینیٹر میر وقار تالپور کی مداخلت پر ٹنڈو باگو تھانے پر کاتیار گروپ کے پانچ لڑکوں نثار کاتیار ،شیراز کاتیار ،قادر ،عظیم اور سینیٹر یاسمین شاہ کے سیکیورٹی انچارج کریم عمرانی کے خلاف اسلحہ کے زور پر یرغمال کرکے میر بھادر تالپور سے نقدی چھیننے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی اور نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لئے بدین ضلع کے مختلف تھانوں پولیس کی سات موبائیلیں اور پولیس کی بھاری نفری ٹنڈو باگو طلب کی گئیں تاہم ایس ایچ او ٹنڈو باگو کی کوشس سے دو نامزد ملزمان عظیم کاتیار اور کریم عمرانی نے گرفتاری پیش کردی پولیس ذرائع کے مطابق اوپر سے دبائو ہے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔