اسرائیل مقدس مقامات پرجبری قبضہ کرنے سے باز رہے،حامد حقانی

May 16, 2021

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں رمضان المبارک کی عبادات میں مشغول پرامن فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل کے وحشیانہ بمباری اور ظلم و جبر اوراس کے نتیجے میں مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ مولانا حامد الحق حقانی نے امت مسلمہ اور پاکستانی قوم سے جمعۃ المبارک کو یوم یکجہتی بیت المقدس و فلسطین منانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ تمام علماء کرام ،خطباء کرام ،مسلک و فرقہ اور سیاسی پارٹیوں سے بالاتر ہوکر منبر ومحراب سے پوری دنیا تک اپنی آواز پہنچائے اور پرامن احتجاج ریکارڈ کروائے، القدس شریف اور اس مقدس خطہ پر صرف مسلمانوں کا ہی حق بنتا ہے،اسرائیل مقدس مقامات کو جبری قبضہ کرنے سے باز رہے، اقوام متحدہ اور او آئی سی خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔