آسٹریلین، کیویز اور افغان کرکٹرز کی بقیہ آئی پی ایل میچز کیلئے دستیابی ناممکن

May 17, 2021

لندن (جنگ نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ کوویڈ سے متاثر آئی پی ایل اسے برس مکمل کرانے کا خواہاں ہے لیکن میچز بورڈ کے صدر سارو گنگولی کے مطابق بھارت میں نہیں ہوسکیں گے۔ ایونٹ کیلئے ونڈو تلاش کرنا بھی بڑا مسئلہ ہوگا لیکن اب بھارتی کرکٹ بورڈ کو نیا دھچکا لگا ہے، انگلش کرکٹ حکام نے اعلان کیا ہے کہ ان کے کھلاڑی لیگ کے باقی ماندہ میچز میں شرکت نہیں کریں گے۔جبکہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی واضح کردیا ہے کہ کیویز کا بھی ٹورنامنٹ میں مزید کھیلنا ممکن نہیں ہوگا۔ دلچسپ بات ہے کہ دونوں ٹیموں کو پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ایشلے جائلز کہہ چکے ہیں کہ ان کے پلیئرز غیرملکی لیگز کے بجائے انٹرنیشنل کرکٹ کو ترجیح دیں۔انگلینڈ کو جون میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ کھیلنے ہیں، اس کے بعد ستمبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے،جبکہ اکتوبر میں مختصر اوورز کی سیریز کیلئے پاکستان جانا ہے۔جبکہ نیوزی لینڈ کو ستمبر میں پاکستان کیخلاف تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی کھیلنے ہیں۔ ادھر آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ مستقبل میں ٹی ٹوئنٹی لیگز سے معاہدہ دیکھ بھال اور صورتحال دیکھ کر کریں۔ یہاں تک کہ افغانستان کو بھی اسی عرصے میں ون ڈے سیریز کھیلنی ہے، اس بنا پر افغان پلیئرز بھی آئی پی ایل کیلئے دستیاب نہیں ہونگے۔