شہبازشریف کا بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے پر عدالت سے رجوع

May 17, 2021

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

شہباز شریف کے وکلاء کی جانب سے دو درخواستیں دائر کی گئی ہیں جن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریاستی اداروں کو سیاسی مخالفین کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

درخواست کے متن میںکہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد ایئرپورٹ پر سفر سے روکا گیا، درخواست میں نامزد افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

درخواست میں سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف اے واجد ضیا کو فریق بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے شہبازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، نوٹی فکیشن کے مطابق شہباز شریف آج سے بیرون ملک سفر کرنے کے مجاز نہیں رہے، ان کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی وجوہات بھی نوٹی فکیشن میں درج کی گئی ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کہنا ہے کہ نیب نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی اور کابینہ نے اس کی منظوری دی۔