سقراط حیات، فلسفہ اور نظریات

May 23, 2021

مصنّف: ملک اشفاق

صفحات: 120، قیمت: 500 روپے

ناشر: بُک ہوم، بُک اسٹریٹ 46، مزنگ روڈ، لاہور۔

جیسا کہ نام سے ظاہرہے، اِس کتاب میں معروف یونانی فلسفی سقراط کی حیات، فلسفے اور نظریات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ بُک ہوم عالمی فلسفیوں کے حوالے سے ایک کتابی سلسلے پر کام کر رہا ہے، جس کے تحت متعدّد کتب شایع ہو چُکی ہیں اور زیرِ تبصرہ کتاب بھی اُسی سلسلے کی کڑی ہے۔ 470 قبلِ مسیح پیدا ہونے والے اِس عظیم فلسفی نے اپنے افکار ونظریات سے دنیا کو کچھ ایسا متاثر کیا کہ صدیاں گزرنے کے باوجود آج بھی اُن کے بغیر فلسفے پر بات نامکمل سمجھی جاتی ہے۔

سقراط کی شخصیت اور نظریات سے متعلق اردو زبان میں بہت سی کتب موجود ہیں، مگر اِس کتاب کی نمایاں بات یہ ہے کہ سوا سو صفحات میں اختصار، مگر جامعیت کے ساتھ عظیم فلسفی سے متعلق تقریباً تمام اہم باتیں سمو دی گئی ہیں۔ نیز، ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ مصنّف نے قصّے کہانیوں میں گم ہونے کی بجائے تحقیق کا دامن تھامے رکھا ہے، جس کے سبب یہ ایک حوالہ جاتی کتاب بن گئی ہے۔آخر میں اُن 35 کتب کی فہرست بھی موجود ہے، جن سے مصنّف نے مواد کشید کیا ہے۔