کراچی کو بھی پانی نہیں دیا گیا، یہاں PP والوں کے ہائیڈرنٹ ہیں، حلیم عادل شیخ

May 17, 2021

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما،اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ کراچی کو بھی پانی نہیں دیا گیا، یہاں پیپلزپارٹی والوں کے ہائیڈرنٹ ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہسندھ میں ایماندار آباد گار کے لیے پانی نہیں ہے، پیپلزپارٹی قومی پارٹی تھی اب صوبائی بن گئی ہے، زرعی زمین بنجر ہونے کا الزام وفاقی حکومت پر لگا دیا، کےفور سفید ہاتھی ہے، اس کا ڈیزائن تبدیل کر کے منصوبے کو تباہ کیا گیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وڈیروں نے نہروں سے براہ راست پائپ لگائے ہوئے ہیں، سندھ میں 208پانی چور ہیں ان کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، سندھ میں پولیس سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے پاس اینٹی ایئرکرافٹ گن بھی موجود ہے، سندھ میں اربوں روپے امن و امان پر خرچ کیے گئے، ان پیسوں میں سے 40فیصد بجٹ پی پی پی کھا گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ وفاق میں ہماری ڈھائی سال کی حکومت ان کی برسوں کی حکومت سے بہتر ہے۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پہلے ڈاکو شناخت چھپاتا تھا اب تو ڈھٹائی سے شیئر بانٹ دیئے جاتے ہیں، وزیراعلیٰ ہاؤس تک حصہ جاتا ہے، ڈاکو ٹک ٹاک بناتے ہیں کیونکہ خوف ختم ہوگیا ہے۔

اس دوران پی ٹی آئی رہنما بلال غفار کا کہنا تھا کہ وفاق نے سندھ کو 493 ارب سے زیادہ رقم دی ہے، ہم نے گزشتہ برس سے زیادہ اس برس این ایف سی میں رقم دی۔