سیز فائر کی حمایت میں تاخیر بچوں کے قتل اور تباہی کا سبب بنی، الہان عمر

May 18, 2021

امریکی رکن کانگریس الہان عمر کا کہنا ہے کہ ہماری سیز فائر کی حمایت میں تاخیر بچوں کے قتل اور تباہی کا سبب بنی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میںامریکی رکن کانگریس الہان عمر نے کہاکہ اب بائیڈن کو اسرائیلی قبضے کے خاتمے پر زور دینا ہوگا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی الہان عُمر نے کہا تھاکہ اسرائیل فلسطین تصادم میں ہر موت ایک سانحہ ہے، عام شہریوں کو نشانہ بنانے والا ہر راکٹ اور ہر بم جنگی جرم ہے۔

الہان عمر کا کہنا تھا کہ مجھے ہر اس بچے کے درد کا احساس ہے جو خوف کے مارے بستر میں چھپ جاتا ہے۔

اُنہوں نے خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کاش ہم بطور قوم اس درد سے مساوی طور پر نمٹیں، اس وقت ہم ایسا نہیں کررہے۔

الہان عمر کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت کے خلاف سنگین جرائم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرنے کے بجائے ہمارے بہت سے کانگریس اراکین سیلف ڈیفنس کے نام پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی حمایت کررہے ہیں۔