اوپرا ونفرے اور شہزادہ ہیری کی ذہنی صحت پر مبنی ویب سیریز کا ٹریلر جاری

May 19, 2021

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ٹی وی اسٹار، اداکارہ، میزبان، پروڈیوسر و سماجی رہنما اوپرا ونفرے اور برطانوی شہزادہ ہیری کی پروڈیوس کردہ ذہنی صحت پر بنائی گئی ویب سیریز کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ اسٹریمنگ ویب سائٹ ایپل ٹی وی کی جانب سے جاری کردہ مختصر دورانیے کے ٹریلر میں اوپرا ونفرے، شہزادہ ہیری، گلوکارہ لیڈی گاگا، اداکارہ گلین کلوز اور گلوکارہ گلین اسٹیفنی سمیت میگھن مارکل کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔لوگوں میں اُمیدیں اور ان میں خوشی بیدار کرنے والی ویب سیریز کا نام ’دی می یو کانٹ سی‘ یعنی ’مجھے تم نہیں دیکھ سکتے‘ رکھا گیا ہے۔ویب سیریز کی ٹریلر میں اوپرا ونفرے اور شہزادہ ہیری سمیت دوسری معروف شخصیات کو ذہنی مسائل پر بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہےٹریلر میں شہزادہ ہیری کی والدہ لیڈی ڈیانا کی آخری رسومات کی جھلک اور اس وقت کے چھوٹے شہزادہ ہیری کو بھی دکھایا گیا ہے۔اس میں معروف شخصیات کو ذہنی پریشانیوں، تنہائی، انزائٹی اور خود کو بے بس محسوس کرنے کی باتیں کرنے کے دوران قدرے جذباتی ہوتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ٹریلر میں شہزادہ ہیری وضاحت کرتے ہیں کہ ذہنی پریشانیوں سے تھک کر کسی بھی شخص کی جانب سے دوسرے لوگوں سے مدد طلب کرنا کمزوری نہیں بلکہ طاقتور ہونے کا ثبوت ہے۔مذکورہ ویب سیریز کو اوپرا ونفرے اور شہزادہ ہیری نے دوسرے پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ مل کر بنایا ہے، جسے اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ایپل ٹی وی‘ کے چینل ’ایپل ٹی وی پلس‘ پر رواں ماہ 21 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔ذہنی صحت پر بنائی گئی اُمید افزا ویب سیریز کی ہدایات آسکر اور بافٹا ایوارڈ یافتہ بھارتی نژاد برطانوی مسلمان ہدایت کار آصف کپاڈیہ اور ڈان پورٹر نے دی ہیں۔