عالمی ادارہ صحت کا انسداد تمباکو نوشی ایوارڈ پاکستان کے نام

May 25, 2021

جنیوا/اسلام آباد( نیوزڈیسک)عالمی ادارہ صحت کا انسدادتمباکونوشی ایوارڈ2021 ء پاکستان کو دیا گیا۔ وزارت صحت کے مطابق پاکستان کے لیے ایوارڈ کا اعلان عالمی ادارہ صحت ایمروریجن نے کیا ہے۔ پاکستان کو انسداد تمباکو نوشی کے کامیاب اقدامات پرایمروریجن میں نمبرون قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان نے انسداد تمباکو نوشی کے مقررہ اہداف کے حصول میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے حکومت کو ایوارڈ سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ وزارت صحت کے ٹوبیکوکنٹرول سیل نے بھی پاکستان کوایوارڈ ملنے کی تصدیق کی ہے۔ عالمی ادارہ صحت سے پاکستان کو ایوارڈ31 مئی ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے پر ملے گا۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایوارڈ ٹوبیکو اسموک فری سٹی منصوبے کی کامیابی پر ملا جو کہ ملک کے 12 اضلاع میں جاری ہے۔ ٹوبیکو اسموک فری سٹی منصوبے میں ضلعی سطح پر مانیٹرنگ سیل قائم ہیں۔ منصوبے کے تحت12 اضلاع میں304 مقامات، پارک اسموک فری ہیں۔ پاکستان پبلک پارکس کو اسموک فری قراردینے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔ اسموک فری سٹی منصوبے کے تحت ٹوبیکو پروڈکٹس بیچنے والے رجسٹرڈ ہیں۔ اسلام آباد میں تمباکو مصنوعات کی فروخت لائسنس سے مشروط ہے۔