سلمان خان روحانی دنوں کو بھی منافع بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، صوفیہ حیات

June 09, 2021

سابق بگ باس کنٹیسٹنٹ صوفیہ حیات نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عید جیسے مذہبی اور روحانی دنوں کو بھی اپنے منافع کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

صوفیہ نے اس حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بگ باس فینالے میں سلمان خان کے ساتھ اسٹیج پر نہ آنے کا فیصلہ بھی اسی وجہ سے کیا، کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ ان کی اخلاقیات اور سچائی ان کی انا سے زیادہ مضبوط ہے۔

یاد رہے کہ صوفیہ بگ باس سیون 2013 کیکنٹیسٹنٹ تھیں۔ اپنے انسٹا گرام پر صوفیہ نے اپنی متعدد تصاویر شیئر کی ہیں اور سلمان خان پر ایک طویل نوٹ تحریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلمیں ریلیز کرتے وقت ایک جیسے ٹرکس (مخصوص طریقہ کار) استعمال کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کیا یہ بہتر نہ ہوگا کہ سلمان خان اپنے مقابل اپنی ہم عمر خواتین کو بطور اسٹار کاسٹ کریں؟

صوفیہ کی اس پوسٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خود ساختہ فلمی نقاد کمال رشید خان نے ٹوئٹ کیا کہ صوفیہ آپ ایک بہادر لڑکی ہیں، اور اسی طرح آگے بڑھیں۔

یاد رہے کہ ان دنوں کمال آر خان کا سلمان خان کے ساتھ تنازع چل رہا ہے، جس میں سلمان خان نے ان پر بدعنوانی کا الزام لگانے پر کیس کر رکھا ہے جبکہ کمال آر خان کا کہنا ہے کہانھوں نے رادھے یور موسٹ وانٹڈ بھائی پر جو منفی ریویو کیا یہ اسکا ردعمل ہے۔