فیصل سلطان نے پاکستان کو موصول ویکسین سے متعلق تفصیلات جاری کردیں

June 09, 2021

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق پاکستان کورونا کی ایک کروڑ ویکسین کی خوراکیں لگا چکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد ویکسین خوراکیں خریداری یا امداد کی مد میں آئیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ سائنو فارم، سائنوویک، کین سائنو، اسٹرازنیکا اور فائزر ویکسین کی خوراکیں موصول ہوئیں۔

فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ یکم فروری کو پہنچی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 67 لاکھ 20 ہزار سائنو فارم ویکسین کی خوراکیں موصول ہوئیں، جبکہ 50 لاکھ کین سائنو ویکسین کی خوراکیں آئیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ پاکستان کو 12 لاکھ 40 ہزار اسٹرازنیکا ویکسین کی خوراکیں ملیں جبکہ کین سائنو ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں ملیں۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان کو فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں ملیں۔