مسلم لیگ ن کی یہ پالیسی ہے پیپلز پارٹی کو ہدف نہ بنائیں، رانا ثناء اللّٰہ

June 09, 2021

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف بات کرنا حکومت کو ریلیف دینے کے مترادف ہے، مسلم لیگ ن کی یہ پالیسی ہے کہ پیپلز پارٹی کو ہدف نہ بنائیں۔

جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمان میں متحدہ اپوزیشن کا کردار ادا کرے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ لانگ مارچ کے آخر میں استعفی دیکر اپوزیشن باہر آتی تو اس کا رزلٹ مرتب ہوتا، پیپلز پارٹی نے استعفوں پر اتفاق نہیں کیا اور لانگ مارچ نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں، پارلیمنٹ میں ایک موقف اختیار کیا جائے، جعلی حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کا اتحاد بنا اور سب نے مل کر جدوجہد کی، جلسے جلوس اور ریلیاں ہوئیں، لانگ مارچ پر اتفاق نہیں ہوسکا، لیکن ہم یہاں رکیں گے نہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے عوامی رائے ہموار کی ہے، یہی پی ڈی ایم کی کامیابی ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ وفاق اور صوبے میں حکومت کے باوجود یہ لوگ ضمنی انتخابات ہار گئے، عام انتخابات میں یہ لوگ گھروں سے نکال نہیں سکیں گے، الیکشن مہم نہیں چلاسکیں گے۔