بین الاقوامی کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اعتماد بحال ہوا ہے، وزیراعظم

June 10, 2021

وزیر اعظم عمران خان سے بین الاقوامی بیوریج کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یردکل نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر صنعت خسرو بختیار اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔

سرکاری اعلامیہ کے مطابق وفد نے وزیراعظم کو کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں خیبر پختونخوا میں اپنے آئندہ بیوریج پلانٹ کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نئے پلانٹ کی بدولت مقامی آبادی کیلئے ملازمت کے بلاواسطہ اور بالواسطہ مواقع پیدا ہوں گے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی سرمایہ کار کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اعتماد بحال ہوا ہے۔ مختلف شعبوں میں معاشی ترقی اور روزگار کے بھرپور امکانات روشن ہو رہے ہیں۔