سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد، مستقل میکنزم بنائیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

June 11, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد ہٹانے کا مستقل حل معلوم کرنے کیلئے ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈی جی اور پی ٹی اے کے ڈی جی ویجی لینس کو22جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کر تے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کسی صورت قبول نہیں،جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت ایف آئی اے اور پی ٹی اے کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں پہلے بھی آپکو کہا تھا کہ مستقل حل نکالیں لیکن آپ نے کچھ نہیں کیا، پی ٹی اے افسر کو بلایا تھا وہ کدھر ہے؟ اگر کوئی نہیں آتا تو پھر چیئرمین پی ٹی اے کو بلا لیتا ہوں، ہر مسلمان کی حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہے اسلئے کہا ہے اسکا مستقل حل نکالیں اور میکنزم بنائیں، ہم ہر مذہب کی عزت کرتے ہیں لیکن مسلمان ہونے کے ناطے اس قسم کا مواد کسی صورت قبول نہیں، کیا آزادی رائے کے نام پر اسکو نظرانداز کیا جا سکتا ہے؟، یہ تو مفاد عامہ میں پٹیشن آئی ورنہ سب کا مشترکہ مسئلہ ہے، عدالت کیساتھ بیوروکریسی کی طرح نہ کھیلیں، آپکے نئے ڈی جی آ گئے ہیں انکو بلا کر پہلا وزٹ یہاں کا کرا لیتے ہیں، بعدازاں عدالت نے سماعت 22 جون تک ملتوی کر دی۔