ڈھرکی حادثے کی ذمہ دار حکومت اور وزارت ریلوے ہیں، سیف احمد

June 11, 2021

بریڈفورڈ (زاہد انور مرزا) ڈہرکی ٹرین حادثے کی ذمہ دار وزارت ریلوے اور حکومت ہیں۔ کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے 60 سے زائد معصوم افراد کی زندگیاں ختم ہوگئیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے رہنمائوں نے اپنے ردعمل میں کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ برطانیہ کے جنرل سیکرٹری حاجی سیف احمد اور صدر یوتھ ونگ نارتھ ویسٹ اینڈ بھمبر سائیڈ اسد سجاد بٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔انہوں نے مزیدکہا ہے کہ کتنے دکھ اور افسوس کا مقام ہے کہ پنجاب حکومت کی مشیر فردوس عاشق اعوان کہتی ہے کہ خدا کے فضل سے یہ اس سال کا پہلا حادثہ ہے جبکہ آپ کی حکومت کو آئے ہوئے تین سال ہوگئے ہیں مگر نااہل حکومت ابھی بھی گزشتہ حکومت پر ذمہ داری ڈال رہی ہے۔ ان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اس طریقے سے حکومتیں نہیں چلتیں اپنی نااہلی کو قبول کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ نااہل اس حادثہ کا ذمہ دار ٹرین آپریٹرز کو قصور وار ٹھہرا رہے ہیں انہوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے 60 سے زائد افراد کی زندگیاں ختم ہوگئیں۔