وزیراعظم ڈپٹی کمشنروں کو پرائس لسٹ پر عمل درآمد کے احکامات جاری کریں گے

June 12, 2021

اسلام آباد( جنگ نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سول ،پولیس انتظامیہ نے گزشتہ روزسب سے بڑی کراچی کمپنی مارکیٹ میں تین گھنٹے سے زائد گزارے۔ چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد جو ایک متحرک باعزم بیوروکریٹ ہیں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد قاضی جمیل اور ان کی ٹیم ،رینجرز کمانڈرزکی ٹیم سے مشاورت کرکے سول ،رینجرز پولیس کی گاڑیوں کے ساتھ کراچی کمپنی مارکیٹ پہنچ گئے اور شہریوں کو ضلعی انتظامیہ کی پرائس لسٹ کے مطابق پھل سبزیاں فراہم کرنے کا معجزہ کر دکھایا۔ دارالحکومت کے امرا، متوسط طبقے درمیانے اور غریب لوگوں نے اس کاوش کو سراہا کیونکہ انہیں ضلعی انتظامیہ کی پرائس لسٹ پر پھل سبزیاں دستیاب ہوئے۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ ضلعی حکام کو ایسا ہی ایکشن سبزی فروٹ منڈی کے آڑھتیوں کے خلاف بھی لینا چاہئے تاکہ سبزیاں کاشت کرنے والوں کو ان کی پیداوار کی معقول قیمت ملنے لگے۔ ان کا کہنا تھا کہ مڈل مین کاشتکار اور صارف کے درمیان سارا منافع کھا رہا ہے ،اگر ملک بھر میں ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی تقلید کرے تو کاشتکار کو اس کی پیداوار کی صحیح قیمت بھی ملے گی ۔۔ اس تین گھنٹے کی ضلعی انتظامیہ کی کارروائی پر عوام بے حد خوش تھے ۔ ایک خریدار نے بتایا کہ کدو 80 روپے کلو تھا جو گزشتہ روز 40 روپے کلو فروخت ہوا۔ چیف کمشنر عامر علی احمد کی ہدایت پر درجنوں گاڑیوں میں کئی گھنٹے تک معائنہ کر کے ضلعی انتظامیہ نے رینجرز اور پولیس کے ہمراہ کراچی کمپنی میں پرائس لسٹ کے مطابق خریداروں کو اشیاء فروخت کرائیں ۔ پیاز اڑھائی سو روپے کے پانچ کلو فروخت ہوتے تھے جو گزشتہ روز 130 روپے کے پانچ کلو فروخت ہوتے رہے ۔لہسن 280 روپے کی بجائے 180 روپے کلو ہو گیا۔ لیموں 260 روپے کلو سے کم ہو کر 130 روپے کلو بکتے رہے۔ ٹماٹر 250 روپے میں پانچ کلو تھے جو 130 روپے کے پانچ کلو فروخت ہو رہے تھے ۔کھیرا بھی 80روپے کلو سے کم ہو کر 40 روپے کلو بکتا رہا۔ پالک 40 روپے گٹھی کی بجائے 23 روپے میں فروخت ہوئی جبکہ مرغی 180 روپے کلو بکتی رہی۔ اس کارروائی کی رپورٹ ایجنسیوں نے وزیراعظم کو بھجوادی جس پروزیراعظم نے اس کارروائی کو بے حد سراہا، چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد کو شاباش دی اور کہا کہ عامر علی احمد جیسے وطن دوست بیوروکریٹ عوام دوست عہدیدار ہیں۔ وزیراعظم عنقریب چاروں صوبوں کے ڈپٹی کمشنروں کو متعلقہ وزیراعلیٰ کی وساطت سے ہدایات جاری کریں گے کہ وہ اسلام آباد کے چیف کمشنر ڈپٹی کمشنر ،پولیس کی تقلید کرتے ہوئے ضروری اشیا کی پرائس لسٹ پر موقع پر جا کر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔