اسلام آباد یونائیٹڈ نے پانسہ پلٹ دیا، لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست

June 13, 2021

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 20ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندز کو 28 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظبی میں کھیلے جارہے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹوں سے شکست دینے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ابتدائی 5 بلے باز 20 کے مجموعے پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

قلندرز کے جیمز فالکنر نے ایک مرتبہ پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے بعد یونائیٹڈ کے آصف علی کے آگے کسی کی نہ چلی اور انھوں نے کسی بھی بولر کو خاطر میں لائے بغیر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 بلند و بالا چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسرے اینڈ پر موجود افتخار احمد نے بھی ان کا شاندار ساتھ نبھایا اور دونوں نے چھٹی وکٹ پر ٹیم کے لیے 123 رنز جوڑے۔

افتخار احمد نے 49 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ یونائیٹڈ کی جانب سے کسی کھلاڑی نے خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے اوپنرز نے بھی شاندار آغاز فراہم کیا، لیکن اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دیکھا سکا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم 124 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، یوں یونائیٹڈ نے 28 رنز سے کامیابی سمیٹی جبکہ آصف علی کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز سے پہلی پوزیشن بھی چھین لی۔