نیٹو اجلاس،چین اور روس کی جارحانہ پالیسیوں سے ملکر نمٹنے کا عزم

June 15, 2021

برسلز (اے ایف پی، جنگ نیوز) نیٹو رہنمائوں نے چین اور روس کی جارحانہ پالیسیوں سے مل کر نمٹنے کا عزم ظاہر کیا ہے ، پیر کے روز نیٹو کے اجلاس میں چین کی جارحانہ پالیسیوں کے باعث ابھرتے ہوئے انتظامی چیلنج کیخلاف مل کر کام کرنے کےعزم کا اظہار کیا ہے جبکہ ان کے مطابق عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر روس کو بھی خبردار کردیا گیا ہے۔ نیٹو رہنمائوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ جوہری ہتھیار بنانے کے حوالے سے چین کے بڑھتے ہوئے جارحانہ اقدامات کیساتھ ساتھ فضاء اور سائبر جنگ کی صلاحیتوں سے عالمی آرڈر خطرے میں ہے۔ نیٹو رہنمائوں نےدنیا بھر میں سائبر حملوں ، ماحولیاتی تبدیلیوں اور نئی ٹیکنالوجیز سے درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے نئی اسٹریٹجک حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا ۔