تنخواہوں میں 10فیصداضافہ مسترد،احتجاج جلد شروع کرینگے، گرینڈ الائنس

June 15, 2021

کوئٹہ( این این آئی)بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکر گرینڈ الائنس نے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصداضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ سال اسلام آباد میں آل پاکستان ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا )کے پلیٹ فارم سے پاکستان بھر کے ملازمین کے احتجاج جس میں بیوگا کا کلیدی کردار تھا تین وفاقی وزرا شیخ رشید ،پرویز احمد خٹک ،علی محمد خان کے ساتھ تحریری معاہدے میں درجہ ذیل وعدے کئے تھے جن میں وفاقی اور صوبائی سرکاری ملازمین گریڈ 1 تا19 کی تنخواہوں میں تفاوت ختم کرنے کے لیے یکم مارچ 2021 سے ڈی آر اے 25 دینے کا وعدہ کیا تھاسالانہ بجٹ 2021-22 میں تمام ایڈہاک الاونسز کوبنیادی تنخواہ میں ضم کر کے خاطر خواہ اضافے کے ساتھ ڈی آر اے 25فیصد کو بھی بنیادی تنخواہ کا حصہ بنانے کا وعدہ کیا ،پاکستان بھر کے ان تمام ملازمین جو اپ گریڈیشن سے محروم تھے اپ گریڈ کرنے کا وعدہ کیا اس تحریری معاہدے کے بعد وفاقی ملازمین کوڈی آر اے پچیس فیصد دیا گیا۔ پنجاب اور خیبر پختونخواہ حکومتوں نے اعلانات کیے مگر بلوچستان نے ابھی تک کچھ نہیں کیا۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ بیوگا قائدین نے اتھارٹیز سے مذاکرات کرکے ڈی آر اے 25فصد یکم مارچ سے وفاق کے طرز پر دینے کی استدعا کی مگر وعدہ وعہد ہوتے گئے اور بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس نے ہاکی چوک پر پرامن اور تاریخ ساز احتجاجی دھرنا دیا دوران دھرنا بیویگا قائد ین نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ متعدد میٹنگ کی مگر صرف وعدے کے علاوہ کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔12 دن کے تاریخ ساز اور پرامن دھرنے کو معزز عدالت کی مداخلت پر ختم کیا گیااور معزز عدالت نے اپنے ایک تفصیلی فیصلے میں 25فیصد اور دیگر حل طلب ڈیمانڈ ایک ماہ میں نوٹیفکیشن جاری کر نے کی واضح ہدایت جاری کیں ۔11 جون کو پیش ہونے والی وفاقی بجٹ میں تین وزراء کا ملازمین کے ساتھ تحریری معاہدے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ملازمین کو ایک بار پھر احتجاج پر مجبور کیا گیا۔ گزشتہ روز بیوگا کی ایگزیکٹو کونسل کے متفقہ فیصلہ کی روشنی میں حکومت کو تین دن کے اندر ان تمام معاملات کا عملی طور پر نوٹس،عملی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں حکومت سے عدالتی فیصلے کی میعاد پوری ہونے پرڈی آر اے 25 اور دیگر ڈیمانڈ حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی استدعا کی گی مگر حکومتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بلوچستان کے ملازمین نے ایک بار پھر بیوگا کے پلیٹ فارم سے سخت اور فیصلہ کن احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اس احتجاجی تحریک اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ایک دو روز میں پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔