یکم جولائی سے انٹربینک فنڈ ٹرانسفر فیس کا اطلاق ہوگا، اسٹیٹ بینک

June 17, 2021

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے انٹربینک فنڈ ٹرانسفر فیس کا اطلاق ہوگا، مرکزی بینک نے انٹربینک فنڈ ٹرانسفر کی نئی ہدایات جاری کر دیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق بلامعاوضہ انٹر بینک فنڈ ٹرانسفر کی حد 25 ہزار روپے ماہانہ ہوگی، جبکہ 25 ہزار ماہانہ سے زائد رقم کا صفر اعشاریہ 1 یا 200 روپے جو بھی کم ہو بینک معاوضہ وصول کریں گے۔

مرکزی بینک کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ انٹر بینک فنڈ بلامعاوضہ رقوم منتقلی کی سہولت کووڈ وباء میں دی گئی تھی، اب جبکہ کورونا کی صورتحال بہتر ہوچکی ہے اس لئے فنڈ ٹرانسفر نرخوں پر نظر ثانی کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے فیصلے کے مطابق ایک ہی بینک کے مختلف اکاؤنٹ میں رقوم منتقلی بلامعاوضہ رہے گی، جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لئے بلا معاوضہ رقوم منتقلی کی سہولت کی حوصلہ افزائی ہوگی۔