کابل ایئر پورٹ کی سیکیورٹی سنبھالنے پر ترکی نے باضابطہ بات نہیں کی، وزیر خارجہ

June 20, 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کا انتظام سنبھالنے سے متعلق ترکی نے باضابطہ طور پر پاکستان سے کوئی بات چیت نہیں کی، اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ترکی کو اس معاملے پر افغان حکومت اور طالبان کو اعتماد میں لینا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ترکی کابل ایئرپورٹ کو فعال رکھنے کے لیے اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ترکی کو اس معاملے پر افغان حکومت اور طالبان کو اعتماد میں لینا چاہیے اور عملی اقدام سے پہلے انہیں اپنی پیشکش کے مقاصد سے آگاہ کرنا چاہیے۔

صحافی نے استفسار کیا کہ ترک وزیراعظم کے اس بیان کے بعد کہ کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی انتظامات سنبھالنے میں پاکستان ہمارے ساتھ ہوگا یہ سمجھا جارہا تھا کہ آپ کی ترک حکومت کے ساتھ کوئی بات چیت ہوئی ہے۔

وزیر خارجہ نے جواباً کہا کہ کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کے انتظام سنبھالنے سے متعلق ترکی نے باضابطہ طور پر پاکستان سے کوئی بات چیت نہیں کی۔