آب اتھارٹی کے تمام منصوبوں میں شفافیت کویقینی بنایاجائیگا،گورنر پنجاب

June 21, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی) گورنر پنجا ب چودھری محمد سرور نے صوبائی وزراء اورتحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے اعزاز میں استقبالیہ کے دوران بطور پیٹرن انچیف پنجاب آب پاک اتھارٹی صوبہ بھر کے لیے پہلے فیز میں5500ملین روپے کی لاگت سے آب پاک اتھارٹی کے1538 منصوبوں کا اعلان کر دیاہے۔ استقبالیہ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا کہ میں تمام اراکین اسمبلی اور عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ آب پاک اتھارٹی کے تمام منصوبوں میں شفافیت کوسو فیصد یقینی بنایاجائے گا آب پاک کے ان منصوبوں میں کسی کوایک روپے کی بھی کمیشن لینے اور دینے نہیں دونگا اور پنجاب کے تمام صوبائی اسمبلی کے حلقو ں میں بغیر کسی سیاسی تفر یق کے فلٹر یشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے حلقوں میں بھی عوام کو پینے کا صاف پانی یقینی بنایا جائے گا ۔چودھری محمدسرور نے کہا کہ ہم ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر یقین نہیں رکھتے مسائل کومستقل بنیادوں پر حل کریں گے مخالفین سیاسی مجبوری کی وجہ سے حکومتی منصوبوں کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہیں مگر عوام جانتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کا کوئی ذاتی اور سیاسی ایجنڈہ نہیں وہ ملکی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور عوامی مفادات کے تحفظ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ استقبالیہ کے دوران چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد اور چیف ایگز یکٹو سید زاہدعزیز نے استقبالیہ کے شر کاءکو پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بر یفنگ بھی دی۔