پاکستان اکتوبر تک گرے لسٹ میں ہی رہے گا، ذرائع جرمن میڈیا

June 22, 2021

پیرس( جنگ نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ہیڈ کوارٹرز پیرس میں ایف اے ٹی ایف کا 4روزہ اجلاس پیر سے شروع ہوگیا جو 25جون تک جاری رہے گا،جرمن میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ خدشہ ہے کہ پاکستان کو اکتوبر تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہی رکھا جائے گاتاہم اجلاس میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے حوالے سے ہونی والی پاکستانی پیش رفت کا خیر مقدم بھی کیا جائے گا۔فرانس میں ڈی ڈبلیو کے نمائندے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یورپی ممالک خاص کر میزبان ملک فرانس کی طرف سے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی سفارش کی جائے گی اور یہ موقف اختیار کیا جائے گا کہ پاکستان کی طرف سے تمام نکات پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو پایا ہے، یورپ کے دیگر ممالک بھی فرانس کے اس موقف کی تائید کریں گے۔