سندھ اسمبلی، بجٹ میں کراچی کو میگا پروجیکٹس دیئے، حکومت، شہر کا برا حال، اپوزیشن

June 23, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں بجٹ بحث کے دوران حکومتی ارکان نےکہاکہ بجٹ میں کراچی کو میگا پروجیکٹس دئیے ہیں،ہیر سوہو، جام خان شورو، شمیم ممتازنے کہاکہ حکومتی کارکردگی اپوزیشن کےگلے پڑگئی، جواگلی جارہی ہے نہ نگلی، سندھ کےحصے کا پیسہ ہمارا حق، یہاں شیرو کا سسٹم نہیں چلے گاجس پر اپوزیشن ارکان نے کہاکہ شہرکا براحال ہے،خرم شیرزمان، سدرہ عمران، عدیل احمدنے کہاکہ 18ویں ترمیم سے پنجاب کو فائدہ سندھ کو نقصان ہوا،پی پی ہائیڈرنٹس کے ذریعے مال بنارہی ہے،اب تک سیف سٹی پروجیکٹ نہ بن سکا ، سندھ اسمبلی میں بجٹ 2021-22پر چوتھے روز بھی عام بحث جاری رہی جس میں حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب کے ارکان نے بھرپور حصہ لیا، مراد علی شاہ کو ’’زیرو اعلیٰ‘‘ کہنے پر پی ٹی آئی کے عدیل احمد کا مائک بند کردیا گیا، پی ٹی آئی ارکان کا ایوان میں احتجاج، ایوان سے واک آؤٹ کرگئے ، بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رکن سجیلالغاری نے کہا کہ سندھ حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا،جب بھی وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت آتی ہے تو صوبے کو حقوق ملتے ہیں لیکن جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے صوبے کو نظر انداز کیا جارہا ہے، تحریک انصاف کے سنجے گنگوانی نے کہا کہ صحت کا بجٹ کا ہر سال بڑھتا ہے ،صوبے میں ایچ آئی وی ایڈز بڑھ گئی ہے، چانڈکا اسپتال میں ایمبولینسز نہیں ،صاف پینے کا پانی نہ ہونے کی وجہ سے مختلف بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ پیپلزپارٹی کے اقلیتی رکن انتھونی نوید نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کے اعتماد سے ٹیکس فری بجٹ بنا نے میں کامیاب ہوئی ،جو انکم ہوئی ہے وہ عوام کی خدمت پر لگے گی ہماری حکومت نے کراچی کو بہت سے میگا پروجیکٹ دئیے ، بعدازاںسندھ اسمبلی کا اجلاس بدھ کی دوپہر 12بجے تک ملتوی کردیا ۔