دنیا بھر کو کووڈ ویکسین لگانے کی عالمی تنظیم ’’کوویکس ‘‘کی کوششیں ناکام

June 24, 2021

کراچی (رفیق مانگٹ) دنیا بھر کو کووڈ ویکسین لگانے کی عالمی شراکت و تعاون کی تنظیم ’’کوویکس ‘‘کی کوششیں ناکامی سے دوچار ہیں۔ اپریل 2020میں کوویکس کے قیام کا مقصد 2021ء کے آخر تک دو ارب ویکسین کی خوراکیں تقسیم کرنا تھا۔ لیکن وہ ان مقاصد کو پورا کرنے میں ناکام ہے۔اس کے پاس ہدف کی تکمیل کیلئے کووڈ ویکسین کی کافی مقدار نہیں ہے، امیرممالک کو آگے بڑھنا ہوگا۔ دنیا میں دو ارب سے زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں اور کوویکس کا اس میں صرف 4 فیصد حصہ ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ مالدار ممالک بیشتر نئی ویکسین خرید لیتے ہیں، یہاں تک کہ ان کو ہنگامی استعمال کے لئے ریگولیٹرز نے بھی منظور کرلیا تھا۔ امریکی سائنسی جریدے کے مطابق امریکا کی پچاس فیصد سے زائد بالغ آبادی کو کووڈکے خلاف ویکسین کی مکمل خوراکیں پلادی گئی ہیں۔ لیکن دنیا کے باقی ممالک میں صورتحال یکسرمختلف ہے۔ بہت کم آمدنی والے ممالک میں، ایک فیصد سے بھی کم آبادی کو ایک ہی خوراک ملی۔اس عدم مساوات کی نشاندہی اور خاتمہ ہی کوویکس کا مشن ہے،یاد رہے کہ’’ کو ویکس ‘‘ایک عالمی شراکت داری کا نام ہے جس کی قیادت عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کررہا ہے اور یہ سب گاوی، ویکسین الائنس، یونیسیف کے ساتھ ساتھ وبائی تیاری و اختراعات (سی ای پی آئی) کی مشترکہ کاوشوں سے ممکن بنایا جارہا ہے اور شراکت دار حکومتوں، فاؤنڈیشنز اور نجی شعبے کی کارپوریشنوںکے عطیات سے اس شراکت کی مالی معاونت کی جاتی ہے۔