سینئر وکیل پر حملہ، کتوں کا مالک وہیل چیئر پر عدالت میں پیش

June 25, 2021


ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کراچی کی عدالت میں سینئر وکیل مرزا اختر پر پالتو کتوں کے حملے کے کیس میں کتوں کا مالک ملزم ہمایوں خاں وہیل چیئر پر پیش ہوا۔

کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے سینئر وکیل مرزا اختر پر پالتو کتوں کے حملے کے کیس میں کتوں کے مالک ملزم ہمایوں خاں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

کراچی بار کی جانب سے صدر نعیم قریشی سمیت بڑی تعداد میں وکلاء اور ملزم کے وکیل جاوید میر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

مدعی سینئر وکیل مرزا اختر کے وکیل نعیم قریشی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے وکیل نے عدالت میں غلط بیانی کی ہے، شوگر بلڈ پریشر تقریباً سب لوگوں کو ہے، بیماری کا بہانہ بنا کر عدالت سے نہیں چھپا جا سکتا، عدالت کیس کو میرٹ پر چلائے۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ کیا آپ نے کتے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں؟

پولیس کے تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ کتے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں۔

کتوں کا مالک ملزم ہمایوں خاں وہیل چیئر پر عدالت میں پیش ہوا۔

عدالت نے سوال کیا کہ کیا ان کے پاس کتے رکھنے کا لائسنس ہے؟

ملزم کے وکیل نے جواب دیا کہ واقعے کے بعد زخمی مرزا اختر خود اٹھ کر واک کرتے ہوئے گئے، سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ عدالت کے پاس موجود ہے، ملزم نے فرار ہونے کے بجائے تفتیش میں مکمل تعاون کیا، کتے پالنا کوئی جرم نہیں، کتوں کی نگرانی کیلئے 2 ملازمین مقرر ہیں۔

عدالت میں پولیس رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ملزم کے بیٹے دانیال نے موقع پر زخمی کو چھوڑ دیا تھا اور کتوں کو لے گیا تھا، ملزم کا بیٹا دانیال بھی کیس میں ملزم نامزد ہے۔