خدا کیلئے وزیراعظم کو روانڈا یا افریقہ نہ بھیج دینا، عبدالقادر پٹیل

June 26, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خدا کیلئے وزیر اعظم کو روانڈا یا افریقہ نہ بھیج دینا، کیونکہ وزیر اعظم جب چین جاتے ہیں تو کہتے ہیں پاکستان کو چین کی طرح بناؤں گا، ترکی جاتے ہیں تو کہتے ترکی جیسا بناؤں گا، وزیر اعظم ملائشیا جاتے ہیں تو کہتے پاکستان کو ملائشیا جیسا بناؤں گا۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ آپ تو کہتے تھے قرضہ لینے پر خودکشی کرلیں گے، قرضہ لینے پر خودکشی نہ کریں ہوائی فائرنگ ہی کردیں۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ خارجہ پالیسی کی ناکامی کا اعتراف تھا جب وزیر اعظم نے سفیروں کو بے کار کہا، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کا سفارتی دورہ کیا، بڑا شور مچا مقدمہ لڑا، آواز اٹھائی جو پہلے کسی نے نہیں اٹھائی تھی، ابھی وزیراعظم واپس بھی نہیں آئے تھے کہ بھارت نے کشمیر پر قبضہ کرلیا۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کیا فائدہ ایسی تقریر کا اگر صرف مذمت ہی کرنی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جو آئی ایم ایف کے منہ پر ڈالر مار رہے تھے وہ فطرانہ مانگ رہے ہیں، ایف اے ٹی ایف میں بھی تذلیل ہوئی جیسے سلامتی کونسل اور او آئی سی میں ہوئی تھی۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہم کشمیر پر دن گن رہے ہیں، ہم فلسطین پر صرف مذمت کررہے ہیں۔

رہنما پی پی نے کہا کہ آج سی پیک دوڑ نہیں رینگ رہا ہے۔