اسلام آباد: لڑکی اور لڑکے پر تشدد، ویڈیو میں نظر آیا پستول برآمد

July 08, 2021

اسلام آباد میں ایک شخص کے لڑکی اور لڑکے پر تشدد کے واقعے کی ویڈیو میں نظر آنے والا پستول پولیس نے برآمد کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو مزید ریمانڈ کے لیے کل دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اس واقعے کے مزید 3 ملزمان کی گرفتاری باقی ہے، تینوں مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ویڈیو میں تشدد کے شکار لڑکے نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔

لڑکے کا کہنا ہے کہ وہ خوفزدہ تھا اس لیے پہلے پولیس کو مطلع نہیں کیا۔

متاثرہ لڑکے کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لڑکی اور لڑکے پر ایک شخص کے تشدد کی ویڈیو گزشتہ روز وائرل ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے تشدد کرنے والے مرکزی ملزم عثمان مرزا اور اس کے ساتھی فرحان کو گرفتار کر لیا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ با اثر شخص لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کر رہا ہے، ان پر تشدد کر رہا ہے، مغلظات بک رہا ہے، ملزم کی اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے پرانی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔

پولیس کی جانب سے ملزم عثمان مرزا کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد کو ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔