وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تشدد کرنے والے مرکزی ملزم عثمان مرزا اور اس کے ساتھی فرحان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ویڈیو میں موجود تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے، گرفتار ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر خاتون اور لڑکے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر اسلام آباد پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزم عثمان مرزا کو چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کر لیا، معاملے کی ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔
ملزم عثمان مرزا کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں دیکھاجا سکتا ہے کہ با اثر شخص لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کر رہا ہے، ان پر تشدد کر رہا ہے، مغلظات بک رہا ہے، ملزم کی اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے پرانی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔
اسلام آباد میں عثمان مرزا نامی شخص نے جب نوجوان لڑکے اور لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا تو کچھ لوگوں نے اسے روکنے کی کوشش کی جس پر ملزم نے نوجوان لڑکے اور لڑکی کو مغلظات بکیں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
لڑکے اور لڑکی پر تشدد اور انہیں ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے مرکزی ملزم عثمان مرزا اور اس کے ایک ساتھی فرحان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کو ویڈیو میں نظر آنے والے تیسرے شخص کی تلاش ہے، اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ یہ واقعہ کب پیش آیا۔
ملزم کون ہے؟ کیا کرتا ہے؟ کس تعلق پراتنا اکڑتا ہے؟ اس سب کی تحقیقات اسلام آباد پولیس نے شروع کر دی ہیں۔
پولیس کی جانب سے متاثرہ لڑکے اور لڑکی سے بھی تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔