• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لڑکی اور لڑکے پر تشدد، وزیرِ اعظم نے نوٹس لے لیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لڑکی اور لڑکے پر ہونے والے تشدد کے واقعے کا وزیرِ اعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد کو ٹیلی فون کیا ہے اور ان سے واقعے کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ اس معاملے کی رپورٹ وزیرِ اعظم آفس بھجوائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ملوث ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے پولیس اپنی تمام تر توانائیاں صَرف کرے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لڑکی اور لڑکے پر ایک شخص کے تشدد کی ویڈیو گزشتہ روز وائرل ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے تشدد کرنے والے مرکزی ملزم عثمان مرزا اور اس کے ساتھی فرحان کو گرفتار کر لیا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں دیکھاجا سکتا ہے کہ با اثر شخص لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کر رہا ہے، ان پر تشدد کر رہا ہے، مغلظات بک رہا ہے، ملزم کی اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے پرانی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔

پولیس کی جانب سے ملزم عثمان مرزا کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین